قائد اعظم ہاؤس میوزیم– ادارہ ء قومی تعمیر،کراچی میں یوم پاکستان پر پرچم لہرانے کی تقریب اور “Our Quaid” کی تقریب ِ اجراء


کراچی23 مارچ، 2022: قائد اعظم ہاؤس میوزیم– ادارہ ء قومی تعمیر،کراچی کے انتظامی بورڈ نے 23 مارچ کو قائد اعظم ہاؤس میوزیم میں یوم پاکستان منایا۔

پرچم لہرانے کی تقریب سینئر وائس چیئرمین اور قائد اعظم کے پڑ نواسے لیاقت ایچ مرچنٹ، وائس چیئر مین اکرام سہگل،کموڈور (ریٹائرڈ) سدید ملک اور قائد اعظم ہاؤس میوزیم کے انتظامی بورڈ نے انجام دی۔

جب قومی پرچم لہرایا گیا تو اسپیشل بچوں کے اسکول اداریو کے اسٹوڈنٹس بینڈ نے قومی ترانے کی دھن بجائی۔اداریو اسکول،جناح فاؤنڈیشن اسکول اور ہمدرد فاؤنڈیشن اسکول کے طلبہ نے ملی نغمے گائے۔

لیاقت ایچ مرچنٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 14 اگست کی طرح23 مارچ بھی ایک خصوصی دن ہے۔انھوں نے کہا کہ اتحاد،،ایمان اور تنظیم کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں،تصورات اور سوچ کو ہمیشہ ذہن میں رکھنا چاہیئے۔انھوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ و ہ قائد اعظم کے بارے میں زیادہ سے زیادہ پڑھیں اور پاکستان کے بارے میں ان کے ویژن کو سمجھیں۔انھوں نے طلبہ کو QUOTES FROM THE QUAID کی کاپیاں دیں،یہ کتاب لیاقت ایچ مرچنٹ اور مرحوم پروفیسر شریف المجاہد نے مرتب کی اور اسے لائٹ اسٹو ن پبلشرز نے شائع کیا ہے۔

انتظامی بورڈ کی رکن نادرہ پنجوانی نے قائد اعظم کی کامیابیوں اور ایک مسلم ریاست کی حیثیت سے پاکستان کے مستقبل کے امکانات کے بارے میں اظہار خیال کیا۔انھوں نے طلبہ کو امینہ اظفر کی تحریر کردہ اور لائٹ اسٹون پبلشرز کی شائع کردہ کتاب”OUR QUAID” کی کاپیاں پیش کیں۔یہ کتاب لیاقت مرچنٹ کا خیال اور جناح سوسائٹی کا پراجیکٹ تھا۔مسز پنجوانی نے تجویز پیش کی کہ حکومت سندھ کا محکمہ ء تعلیم اس کتاب کو پورے سندھ کے سرکاری اسکولوں میں پڑھائے۔

امینہ اظفر نے کہا کہ انھیں جناح سوسائٹی کے لیے “OUR QUAID” تحریر کر نے پر خوشی ہے،انھوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں طلبہ وسیع پیمانے پر اس کتاب کو پڑھیں گے۔

اکرام سہگل نے کہا کہ انٹر اسکول تقریری مقابلہ2022 کے بعد 23 مارچ کا یہ ایونٹ بھی انتہائی کامیاب رہا جس نے طلبہ کو شرکت کرنے،پرچم لہرانے،قومی ترانہ اور ملی نغمے گانے کا جوش و جذبہ دیا۔انھوں نے طلبہ کو ہدایت کہ کہ وہ “OUR QUAID” پڑھیں اور اپنی تعلیم مکمل کرنے اور اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق پاکستان کی خدمت کرنے کے لیے انتھک محنت کریں۔

اکرام سہگل نے اس کتاب کی اشاعت پر لیاقت مرچنٹ،نادرہ پنجوانی اور لائٹ اسٹون پبلشرز کی امینہ سید اور تقریب میں موجود ٹیچرز اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ وہ خود،لیاقت مرچنٹ،کموڈور (ریٹائرڈ)سدید ملک اور قائد اعظم ہاؤس میوزیم کا پورا انتظامی بورڈ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی رہنمائی میں قائد اعظم ہاؤس کو قومی تعمیر کا ایک موثر ادارہ بنانے کے لیے بھر پور کوشش کریں گے۔

اس تقریب کی نظامت کے فرائض انتظامی بورڈ کی رکن امینہ سید نے انجام دیئے۔