کراچی19 مارچ2022: قائد اعظم ہاؤس میوزیم-- ادارہ ء قومی تعمیر جو سرکاری/ غیر سرکاری منصوبے کے طور پر قائم کیا گیا ہے اور جسے سندھ ہائی کورٹ کے حکم مورخہ6 اپریل،2021 کے مطابق حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن سے قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے،کے انتظامی بورڈ نے قائد اعظم ہاؤس میوزیم (فلیگ اسٹاف ہاؤس)،کراچی میں جناح انٹر اسکول تقریری مقابلہ2022 منعقد کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ انتظامی بورڈ،قائد اعظم ہاؤس میوزیم-- ادارہ ء قومی تعمیر نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ کے بعدکراچی کے اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے یہ مقبول سالانہ ایونٹ بحا ل کیا ہے۔ 17 اور18 مارچ کوفائنلسٹس کے انتخاب کے لیے دو راؤنڈز کے بعد19 مارچ کو جناح تقریری مقابلہ2022 کا فائنل راؤنڈ ہواجس میں 29 طلبہ شریک ہوئے۔شرکت کے لیے کراچی کے 65 اسکولوں کو دعوت دی گئی تھی۔ 12 فائنلسٹس میں ماما پارسی اسکول کی سمیعہ بنت،سینٹ مائیکل کانونٹ اسکول کے ابیان الدین احمد انصاری،اداریو اسکول کے عابد علی،سینٹ پال ہائی اسکول کے پرتیک ہرانی،علی مرتضیٰ اسکول کی عالیہ زہرہ،پی ای سی ایچ ایس اسکول کی بختاور جہانزیب،عائشہ باوانی اکیڈمی کے نوال عباسی،بحریہ کالجEABT مجید کیمپس کی سبین حمید،جعفر پبلک اسکول کی مریم کاپڑیا،بحریہ کالج،کارساز کی ایمان علی، سندھ مدرستہ الاسلام کی منزہ فرید اورکراچی پبلک اسکول کی ہادیہ ایمان شامل تھے۔ ججوں میں جناح سوسائٹی کی نسیم لیاقت،لائٹ اسٹون پبلشرز کی امینہ سید، عالیہ طیبی اور IBA کراچی کی ڈاکٹر ہما بقائی شامل تھیں۔ 19 مارچ،2022 کو فائنلسٹس کے لیے تقریروں کے عنوانات یہ تھے:جناح کا پاکستان اور پاکستان اور عالم اسلام۔تعامل اور فوائد جیتنے والے پہلے تین طلبہ کو دلکش انعامات دیئے گئے۔پہلی پوزیشن اداریو اسکول کے عابد علی کو دی گئی۔انھیں " جناح ٹرافی" کے ساتھ 50,000/- روپے نقد انعام،کتابیں اور تعریفی سند دی گئی۔دوسری پوزیشن بحریہ کالج،کارساز کی ایمان علی کو دی گئی،انھیں " جناح شیلڈ" کے ساتھ 25,000 روپے نقد انعام اور کتابیں دی گئیں۔تیسری پوزیشن پی ای سی ایچ ایس اسکول کی بختاور جہانزیب کودی گئی اور انھیں " جناح کپ" کے ساتھ 15,000/- روپے نقد اور کتابیں دی گئیں۔ شریک ہونے والے تمام طلبہ کو شرکت کی اسناد اور 12 فائنلسٹس کوتعریفی اسناد دی گئیں۔تقریب میں موجود تمام طلبہ کو کتاب'Our Quaid' کا تحفہ دیا گیا۔یہ کتاب قائد اعظم کے نواسے لیاقت مرچنٹ کا تصور ہے۔یہ امینہ ظفر نے پرائمری اسکولوں کے طلبہ کے لیے لکھی ہے،اسے لائٹ اسٹون پبلشرز کی طرف سے شائع کیا گیا اور اس کا پیش لفظ پنجوانی چیرٹیبل فاؤنڈیشن اینڈ ٹرسٹ کی مسز نادرہ پنجوانی نے تحریر کیا ہے۔ اس کتاب کا تعارف امینہ سید کا تحریر کردہ ہے اور یہ تقریب میں موجود تمام طلبہ و طالبات، والدین،اساتذہ اور پرنسپلز کو پیش کی گئی۔حبیب میٹرو پولیٹن بینک کے سربراہ محسن ناتھانی بھی تقریب میں شریک ہوئے جو بچوں سے گھل مل گئے اور جیتنے والے بچوں کے ساتھ تصویریں بھی بنوائی،جبکہ انتظامی بورڈ کے سینئر وائس چیئرمین لیاقت مرچنٹ،پاتھ فائنڈر گروپ کے چیئر مین اکرام سہگل اور لائٹ اسٹون پبلشرز کی امینہ سید نے خطاب کیا۔ اس تقریب کو حبیب میٹرو پولیٹن بینک،جناح سوسائٹی اور کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز کی طرف سے اسپانسر کیا گیا تھا۔طلبہ کے لیے قومی تعمیر کی دیگر سرگرمیوں کے علاوہ یہ قائد اعظم ہاؤس میوزیم کا سالانہ ایونٹ ہو گا۔ طلبہ کے لیے اسی قسم کے ایک ایونٹ کا انتظام اردو اور سندھی میں بھی کیا جائے گا۔ ایونٹ کے اختتام پر شرکا ء کی تواضع کی گئی۔